پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ہسپتالوں کو شمسی توانائی سے چلانے کا فیصلہ کر لیا، ابتدائی طور پر حیات آباد یا لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں ماڈل پراجیکٹ شروع کیا جائے گا، شہری کہتے ہیں منصوبہ اچھا ہے لیکن حکومتی منصوبے صرف کاغذوں کی حد تک ہی محدود رہتے ہیں۔
خیبرپختونخوا حکومت کا توانائی کے شعبے میں انقلابی قدم، تمام سرکاری ہسپتالوں کی بجلی سولر سسٹم پر منتقل کرنے کا منصوبہ آخری مراحل میں داخل ہو گیا۔ بجلی کی مد میں بچایا جانے والا پیسہ عوام پر خرچ کیا جائے گا۔
مشیر توانائی حمایت خان کے مطابق نیشنل گرڈ سے آنے والی بجلی مہنگی ہے جبکہ سولر سسٹم کے تحت حاصل کی جانے والی بجلی سستی ہے۔ پرائیویٹ سیکٹر کے ذریعے سولر سسٹم لگایا جائیگا، ابتدائی طور پر حیات آباد یا لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں ماڈل پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔
دوسری جانب پشاور کے عوام نے جہاں اس منصوبے کو سراہا وہیں تنقید کا نشانہ بھی بنا ڈالا۔ کہتے ہیں پراجیکٹ تو اچھا ہے لیکن حکومتی منصوبے صرف کاغذوں کی حد تک ہی محدود رہتے ہیں۔
منصوبے کو عملی شکل دینے کیلئے ماہرین کے ذریعے بجلی کی مد میں ہسپتالوں کی ضرورت اور چھتوں پر سولر پینل لگانے کے بعد حاصل ہونے والی بجلی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔