بلوچستان : اربوں اخراجات کے باوجود ہسپتالوں کی صورتحال ابتر، عوام ہیلتھ کارڈ سے محروم

Published On 12 February,2021 09:47 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان حکومت کی جانب سے صحت کے شعبے میں بہتری لانے کے لئے اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود بھی سرکاری ہسپتالوں کی صورت حال بہتر نہ ہوسکی، صوبے میں غریب عوام کے لیے اب تک ہیلتھ کارڈ کی سہولت فراہم نہ کی جاسکی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے اپنی اضافی ذمہ داریوں میں محکمہ صحت کے شعبے کا بھی انتظام سنبھال رکھا ہے۔ بیانات میں ہر بار اس شعبے کی بہتری کا دعویٰ کیا جاتا ہے مگر حقیقت اس کے بر عکس ہی ہے۔ صوبے کے دیہی علاقے تو دور کی بات صوبائی دارلحکومت کوئٹہ میں عوام صحت کی سہولیات سے محروم نجی ہسپتالوں کے مرہون منت ہیں۔ وفاق کی جانب سے صحت کارڈ کے اعلان کے باوجود یہاں کے غریب عوام اب تک اس فیصلے سے محروم ہیں۔

حکومت کی ڈکشنری میں اس محکمہ میں سب اچھا ہے، ہسپتالوں کی حالت بہتر ہے ادویات کی فراوانی ہے۔ صحت کارڈ کا معاملہ بھی زیر غور ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت وفاق کے ساتھ صحت کارڈ کے حوالے سے تعاون نہیں کر رہی جبکہ وفاقی حکومت 10 فیصد اپنا حصہ اور سہولیات دینے کو تیار ہے جبکہ صوبائی حکومت 90 فیصد اپنا حصہ دینے کو تیار نہیں ہے، اس نقطے پر صوبائی حکومت کی رضامندی نہیں جس کی وجہ سے معاملہ تعطل کا شکار ہے۔