کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں کھانوں میں استعمال ہونے والے مختلف مصالحوں کی قیمت میں 50 سے 100 فی صد تک اضافہ ہو گیا۔ چند ماہ کے دوران سرخ مرچ 450 روپے فی کلو تک مہنگی ہوئی ہے۔
مہنگائی کے نہ تھمنے والے طوفان کے سبب کوئٹہ میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں بےتحاشہ بڑھ چکی ہیں۔ کھانوں میں استعمال ہونے والےعام مصالحہ جات کے نرخوں میں گذشتہ 2ماہ کے دوران ہوش اڑا دینے والا اضافہ ہوا۔ سرخ مرچ 400 کے اضافے سے 850 روپے، ثابت دھنیا 200 سے 250، اناردانہ 100روپے سے 220، دار چینی 300 سے600 روپے، لونگ 900 سے 1350، زیرہ 300 سے 600 اور آلوبخارہ 200 سے بڑھ کر 400 روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے، صارفین کا کہنا ہے کہ اتنی مہنگائی زندگی میں پہلے کبھی نہیں دیکھی۔
مختلف کھانوں میں استعمال ہونے والے اسپیشل پسے ہوئے مصالحہ جات کی فی کلو قمیت میں 300 سے 400 تک کا اضافہ ہوا ہے۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی اہم وجہ ٹیکسز کی بھرمار اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں باربار اضافہ بھی ہے۔
کھانوں میں عام طور پر استعمال ہونے والے بیشتر مصالحے بیرون ممالک سے بھی آتے ہیں جن کی خریداری ڈالرز میں ہونے کی وجہ بھی مہنگائی کا سبب ہے۔