کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں کورونا ویکسی نیشن کا عمل سست روی کا شکار ہو گیا، حکومتی سطح پر صوبے میں ویکسی نیشن مراکز کی تعداد میں اضافے کے باوجود ہیلتھ ورکرز اور عمر رسیدہ افراد ویکسین لگوانے کے لیے مراکز نہیں پہنچ رہے۔
کورونا وبا سے بچائو کے لیے کورونا ویکسی نیشن کا دائرہ کار سندھ بھر میں پھیلا دیا گیا تاہم ہیلتھ کیئر ورکرز اور عمر رسیدہ افراد اب بھی کورونا ویکسین لگوانےسے گریز کر رہے ہیں، افواہوں کے سبب ویکسین لگوانے کی شرح میں کمی ہے۔
ویکسی نیشن مراکز آنے والے شہریوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور دوسرے شہریوں پر زور دیا کہ وہ بھی ویکسین لگوائیں۔
سندھ حکومت کا شکوہ ہے کہ وفاق نے ویکسین کی خریداری کے لیے آرڈر نہیں دیا اس لیے کتنے لوگوں کو ویکسین لگائیں گےکچھ نہیں کہہ سکتے۔ سندھ میں اب تک ایک لاکھ 40ہزار افراد کو ویکسین لگوائی جا چکی ہے، صوبے میں کورونا ویکسی نیشن مراکز کی تعداد125تک بڑھا دی گئی ہے۔