کراچی: (دنیا نیوز) سندھ میں تمام کاروباری مراکز رات 10 بجے بند کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے۔ محکمہ داخلہ سندھ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس میں کہا گیا کہ آج رات سے 15 اپریل تک اطلاق ہوگا۔
محکمہ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق سمارٹ لاک ڈاؤن میں شادی ہالز میں بوفے کھانا کھلانے پر پابندی ہوگی، شادی کی تقریب 300 مہمانوں کے ساتھ رات 10 بجے تک کرنے کی اجازت ہوگی، پبلک مقامات، سرکاری، نجی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہوٹل، ہالز میں انڈور ڈائننگ پر پابندی جبکہ آوٹ ڈورڈائننگ اور ہوم ڈلیوری کی سہولت موجود ہوگی، سندھ میں دفاتر میں پچاس فیصد سٹاف کو بلایا جائے گا، دفاتر میں 50 فیصد عملے کو کام کی اجازت جبکہ آدھا عملہ گھر سے کام کرے گا۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 29 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 13 ہزار 537 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 7 ہزار 453 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 253 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 86 ہزار 659، سندھ میں 2 لاکھ 61 ہزار 411، خیبر پختونخوا میں 76 ہزار 104، بلوچستان میں 19 ہزار 220، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 961، اسلام آباد میں 48 ہزار 81 جبکہ آزاد کشمیر میں 11 ہزار 17 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 95 لاکھ 29 ہزار 763 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44 ہزار 61 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 5 لاکھ 71 ہزار 878 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 823 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 29 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 13 ہزار 537 ہوگئی۔ پنجاب میں 5 ہزار 769، سندھ میں 4 ہزار 458، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 159، اسلام آباد میں 526، بلوچستان میں 202، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 320 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔