کراچی: (دنیا نیوز) سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت ہیڈ ماسٹرز کو نکالنا نہیں چاہتی، وہ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے خود کو ریگولر کرالیں، ہیڈ ماسٹرز کو سمجھنا چاہیے کہ صوبائی حکومت عدالتی حکم پر عملدرآمد کی پابند ہے۔
وزیر تعلیم سندھ سعیدغنی نے وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کے ہمراہ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی بنچ سندھ حکومت کو کہہ رہا ہے اساتذہ کو نوکری سے نکال دیں، اساتذہ کے کنٹریکٹ کی مدت میں 6 ماہ اضافہ کر دیا، حیدرآباد بنچ کہہ رہا ہے اساتذہ کی تنخواہیں جاری رکھیں، سندھ حکومت کسی ملازم کو فارغ کرنا نہیں چاہتی، تمام ہیڈ ماسٹر اپنے فرائض بہتر انداز میں پورے کر رہے ہیں۔