امریکا کو شاید ایسٹرا زینیکا ویکسین کی ضرورت نہ پڑے: ڈاکٹر انتھونی فاؤچی

Published On 02 April,2021 06:46 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکا میں متعدی امراض کے سربراہ ڈاکٹر انتھونی فاؤچی نے کہا ہے کہ امریکی ریگولیٹر کی منظوری کے باوجود شاید امریکا کو ایسٹرا زینیکا ویکسین کی ضرورت نہ پڑے۔

یاد رہے یہ ویکسین جسے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ایک سنگ میل کی حیثیت سے دیکھا جا رہا تھا، کے متعلق ایسے دعوے سامنے آئے تھے کہ اس ویکسین کے استعمال کے بعد خون جمنا شروع ہو جاتا ہے تاہم اس حوالے سے کوئی سائنسی شواہد نہیں ملے۔

نیشنل انسٹیٹیوٹ برائے الرجی اور متعدی امراض کے ڈائریکٹر اور وہائٹ ہاؤس کے چیف میڈیکل ایڈوائزر، فاؤچی نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ امریکہ کے ویکسین بنانے والے دیگر اداروں کے ساتھ کافی معاہدے موجود ہیں اور ممکنہ طور پر موسمِ خزاں میں بوسٹر شاٹس کے لیے یہ تعداد کافی ہو گی۔

اس سوال کے جواب میں کیا امریکہ ایسٹرا زینیکا ویکسین کا استعمال کرے گا، انہوں نے کہا کہ یہ ابھی ہوائی باتیں ہیں۔ میرا خیال ہے کہ متعدد کمپنیوں کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کے حساب سے ہمارے پاس ایسٹرا زینیکا کی مدد کے بغیر اپنی ساری ضروریات پوری کرنے کے لیے کافی ویکسین موجود ہے۔
 

Advertisement