عالمی ادارہ صحت نے چینی ویکسین کو ہنگامی استعمال کی فہرست میں شامل کر لیا

Published On 09 May,2021 08:54 pm

جنیوا: (دنیا نیوز) عالمی ادارہ صحت نے چین کی ایک سرکاری ادویات ساز کمپنی سائینوفارم کی تیار کردہ کووڈ 19 ویکسین کو اپنی ہنگامی استعمال کے لیے منظور شدہ ویکسینوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔

ادارے کے ڈائریکٹر جنرل ٹیدروس ایڈہانم گیبریسس نے کہا ہے کہ ہنگامی استعمال کے لیے منظور شدہ فہرست میں فائزر اور دیگر مغربی ادویات ساز کمپنیوں کی تیار کردہ ویکسینیں پہلے سے شامل ہیں۔

سائینوفارم ویکسین، فہرست میں شامل کی جانے والی، کسی غیر مغربی ملک کی پہلی ویکسین ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی فہرست میں شمولیت سے یہ ویکسین کوویکس اسکیم میں شامل کی جا سکے گی، جو عالمی ادارہ صحت کی زیر قیادت ویکسین کی زیادہ منصفانہ انداز میں تقسیم کا ایک عالمی پروگرام ہے۔

ادارے نے سائینوفارم پر اس پروگرام میں شمولیت پر زور دیا ہے۔کوویکس کا موجودہ انحصار، بھارت میں مینیوفیکچر کی جانے والی آسٹرازینیکا آکسفورڈ ویکسین پر ہے۔ ادارہ جون تک جتنی ویکسین تقسیم کرنا چاہتا ہے اسکا ستر فیصد اسی ویکسین پر مشتمل ہو گا۔ تاہم بھارت میں کورونا وائرس انفیکشن تیزی سے پھیلنے سے اسکی سپلائی میں اچھی خاصی تاخیر ہو چکی ہے۔
 

Advertisement