خیبرپختونخوا: جیلوں میں کورونا سے نمٹنے کےلیے 3 کروڑ روپے سے زائد مختص

Published On 03 May,2021 08:48 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کی جیلوں میں کورونا وائرس سے بچائو کے اقدامات مزید تیز کر دیئے گئے، کورونا وباء سے نمٹنے کے لیے 3 کروڑ روپے سے زائد مختص کئے گئے ہیں۔ شہریوں نے مزید اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کر دیا۔

کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران بڑھتے کیسز کی روک تھام کے لیے خیبر پختونخوا کی جیلوں میں اقدامات مزید تیز کردیئے گئے۔ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کی تیسری لہرکے دوران جیلوں میں بھی کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، پشاور میں جہاں نئے آنے والے قیدیوں کو 14 دنوں کے لیے قرنطینہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے تو وہیں دیگر طبی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔

کورونا وائرس کی گزشتہ لہر میں خیبرپختونخوا کی جیلوں میں کورونا وائرس کے 38 کیسزرپورٹ ہوئےتھے، وائرس کی موجودہ تیسری لہر کے دوران بروقت حفاظتی انتظامات کو شہریوں نے بھی خوش آئند قرار دیا، شہری کہتے ہیں حکومت مزید اقدامات بھی اٹھائے۔

صوبہ بھر کی جیلوں میں کورونا وائرس سے بچائو کے اقدامات کے لیے 3 کروڑ 50 لاکھ روپے کا فنڈ مختص کیا گیا ہے۔
 

Advertisement