پشاور: (دنیا نیوز) پشاور کے ہسپتالوں میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا، تینوں ہسپتالوں میں آکسیجن کا استعمال بھی بڑھ گیا ہے۔
پشاورخیبر ٹیچنگ ہسپتال میں کورونا سے متاثرہ 94 مریض داخل ہیں جبکہ گزشتہ روز دو مزید افراد کو داخل کیا گیا ہے، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں کورونا کے 156مریض زیرعلاج ہیں، 32 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں، کورونا مریضوں کے لیے 60 وینٹی لیٹراور 178 بیڈز مختص کئے گئے ہیں۔
لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں کورونا کے 403 مریض زیر علاج ہیں، کورونا کے مریضوں کے لیے 485 بیڈز مختص ہیں۔ ہسپتال میں 31 مریض آئی سی یو میں ہیں، خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں 10 ہزار لیٹر آکسیجن کی گنجائش موجود ہے، آکسیجن ٹینک سے روزانہ 6 ہزار لیٹر آکسیجن استعمال ہو رہی ہے، ہسپتال میں 460 آکسیجن سلنڈر بھی موجود ہیں۔ ترجمان کے مطابق روزانہ 100 سے 130 سے آکسیجن سلنڈر بھرے جارہے ہیں۔
حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں بھی آکسیجن کا استعمال 4 ہزار 500 لیٹر سے 6500 تک بڑھ گیا ہے، ترجمان کے مطابق ہسپتال میں فی الوقت وافرمقدارمیں آکسیجن دستیاب ہے،24 ہزار 928 لیٹرآکسیجن کی گنجائش ہے جبکہ 10،10 ہزار لیٹر کے دو ٹینک ہیں۔