کراچی: (دنیا نیوز) عید الفطر کے دوسرے روز بھی سندھ بھر میں کورونا ویکسینیشن سینٹرز میں ویکسین لگانے کا عمل جاری رہا، کراچی ایکسپو سینٹر میں قائم ماس ویکسینیشن سینٹر میں دو روز میں دو ہزار سے زائد افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی۔
سندھ حکومت کی جانب سے کراچی ایکسپو سینٹر میں قائم ماس ویکسینیشن سینٹر میں شہریوں کو کورونا ویکسین لگانے کا عمل جاری ہے، انچارج ویکسینیشن سینٹر ڈاکٹر انیلا قریشی کے مطابق عید کے پہلے روز سے دوسرے دن کی صبح تک دو ہزار سے زائد افراد کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے، 96 کیوبیکل پر مشتمل ماس ویکسینیشن سینٹر میں روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں افراد کو ویکسینیٹ کرنے کی صلاحیت ہے۔
وزیر صحت سندھ عزرا پیچوہو کے مطابق 16 مئی سے 30 سال سے زائد عمر کے افراد کو بھی ویکسین لگانے کا عمل شروع کر دیا جائے گا، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ عید کی تعطیلات گھر پر گزاریں اور میل جول کم رکھیں تا کہ کورونا کے پھیلائو سے بچا جا سکے۔ گزشتہ سال لوگ عید ملنے کے لیے ایک دوسرے کے گھروں پر گئے تھے جس کے باعث کورونا کیسز میں 30 فیصد اضافہ ہوا تھا۔