وقت سے پہلے بوڑھا کردینے والی 5 عادات

Published On 19 May,2021 07:04 pm

لاہور: (سپیشل فیچر) چہرے پر دھوپ اور گرمی کے اثرات، ہر وقت کچھ نہ کچھ سوچتے رہنا، بیکار پڑے رہنا، نیند میں کمی اور سونے کا غلط انداز انسان کو جلدی بوڑھا کر دیتا ہے۔

بعض لوگوں کو   عمر چور‘‘ کہا جاتا ہے، ریٹائرمنٹ کے بعد بھی جوان نظر آتے ہیں۔ اس کے برعکس کچھ افراد کو قبل از وقت چہرے کی جھریاں بوڑھا بنا دیتی ہیں۔ جب اللہ تعالیٰ ہر ایک انسان کو ایک جیسی خوبیوں سے نوازتا ہے، یعنی تمام جسمانی نظام ایک اور ان کی اکائیاں، خلیے کی کمپوزیشن بھی ایک جیسی ہوتی ہے تو پھر کوئی کم عمری میں عمر رسیدہ اور کوئی عمر رسیدہ ہونے کے باوجود کم عمر کیوں لگتا ہے؟

محققین نے اس کی پانچ اہم وجوہات کا ذکر کیا ہے۔ ہم آپ کو آج وہی وجوہات بتانے والے ہیں تاکہ آپ بھی عمر چور بن جائیں۔

ہوتا یوں ہے کہ ہمارے روزمرہ کے کئی کام ہمیں دیکھنے میں بوڑھا سا بنا دیتے ہیں۔ یہ   بڑھاپا‘‘ غیر محسوس طریقے سے اور آہستہ آہستہ آتا ہے اور ہم چونکہ غور نہیں کرتے تو چہرے پر جھریاں لانے والے کام کرتے چلے جاتے ہیں اب چونکہ گرمیاں آچکی ہیں اس لئے سب سے پہلے گرمی کے اثرات سے آگاہ کرنا ضروری ہو گیا ہے۔

چہرے پر دھوپ اور گرمی کے اثرات

کچھ لوگ دن بھر پھرنے کے عادی ہوجاتے ہیں، وہ سخت دھوپ کی بھی پرواہ نہیں کرتے، دھوپ اور گرمی سے جسم پسینے میں شرابور ہو جاتا ہے، حتیٰ کہ بال بھی گیلے ہو جاتے ہیں ، یہ تمام علامتیں وارننگ سے کم نہیں کہ جسم ضرورت سے زیادہ گرم ہو رہا ہے، اسے ٹھنڈ ا کیجئے جناب !۔دھوپ اور گرمی جلد میں موجود پروٹین کی ایک قسم کولیجن (Collagen)کو ختم کر دیتی ہے، پروٹین کی یہ قسم بالوں ، ہڈیوں، جلد اور ناخنوں کی مضبوطی کے لئے ناگزیر ہے۔ یہ ان کے خلیوں کو جوڑنے کا کام کرتی ہے۔ دھوپ اور گرمی سے ایلاستین (Elastin) بھی ختم ہونے لگتا ہے ۔ ایلاستین دراصل لحمیہ کی وہ قسم ہے جو وتروں اورعضروف کی لچکدار بافت میں بنیادی مادے کی حیثیت رکھتی ہے۔ آسان لفظوں میں کہا جا سکتا ہے کہ ان دونوں قسم کی پروٹین کی کمی سے جلد ڈھیلی پڑنا شروع ہو جاتی ہے۔ پسینہ آنے کی صورت میں جلد کو دوتین بار پانی سے صاف کیجئے۔

یہی وجہ ہے کہ کچن میں کام کرنے والی نوکرانیاں اور خواتین کام نہ کرنے والی بیگمات کی بہ نسبت زیادہ بوڑھی نظر آتی ہیں۔اسی طرح جلد کو نمی اور سردی سے بھی بچانے کی ضرورت ہے۔ اگر آپ سگریٹ کے شوقین ہیں تو جان لیجئے کہ اس سے جھریاں قبل از وقت نمودار ہونے لگتی ہیں۔

ہر وقت کچھ نہ کچھ سوچتے رہنا

ہر وقت اپنے دماغ کو مصروف رکھنے والے لوگ اپنے جسم سے سب سے بڑا ظلم یہی کرتے ہیں ۔ہر وقت کسی نہ کسی مسئلے کے بارے میں سوچتے رہنے کی بجائے اپنے دماغ کو آرام دیجئے ورنہ اس مصروفیت سے بھی جسم بوڑھا نظر آنے لگے گا۔ مراقبہ کیجئے یا سیر کے لئے نکل جائیے،   بڑھاپا ‘‘ بھاگ جائے گا۔

بیکار پڑے رہنا

سستی کے مارے کچھ لوگ کوئی کام نہیں کرتے ، اکثر گھر میں   بستر توڑتے ‘‘رہتے ہیں۔کورونا وباء کام نہ کرنے کا بہانہ بن گئی ہے۔کسی حد تک آرام جسم کیلئے مفید ہے لیکن امریکی ادارے    نیشنل لائبریری آف میڈیسن ‘‘ کے مطابق کاہلی   ایجنگ پراسیس‘‘ (بوڑھا ہونے کا عمل) میں تیزی لاتی ہے۔ جبکہ ورزش   جوان ‘‘ رکھنے میں مدد دیتی ہے ۔ ورزش کے انسولین کی تیاری، ڈپریشن میں کمی ، قوت مدافعت میں اضافے اور ہڈیوں اور شریانوں کے افعال کو بہتر بناتی ہے جس سے بڑھاپا کچھ وقت کیلئے ٹل جاتا ہے، مسلسل کام کرنے سے دوران خون پر فرق پڑتا ہے، وقفہ لے کر چہل قدمی کیجئے، بہتر ہو جائے گا۔

نیند میں کمی

یہ مدافعتی نظام پر بھی حملہ آور ہوتی ہے۔ نیند میں کمی اینگزائٹی کا باعث بننے کے علاوہ بلڈ پریشر اور نظام انہضام کو بھی متاثر کرتی ہے۔ سات سے نو گھنٹے کی نیند سبھی کے لئے تجویز کی جاتی ہے۔

سونے کا غلط انداز

بعض لوگوں کے سونے کا انداز ٹھیک نہیں ہوتا ،وہ پیٹ کے بل سوتے ہیں جس سے وہ گہری نیند نہیں سو پاتے۔ پیٹ کے بل سونے کی وجہ سے سر کو بائیں یا دائیں جانب رکھنا پڑتا ہے، اس سے گردن میں کھچائو پیدا ہوتا ہے جوجلدی آنکھ جلدی کھلنے کا سبب بنتا ہے۔

تحریر: ڈاکٹر سید فیصل عثمان