بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والے کورونا وائرس کی وباء کے بعد انتظامیہ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے شہر کے تمام شہریوں کے کورونا ٹیسٹ دوبارہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کی رپورٹ کے مطابق ووہان کے حکام نے کہا ہے کہ وہ شہر کی تمام آبادی کے کورونا ٹیسٹ کریں گے، یہی وہ شہر ہے جہاں سال قبل کورونا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا۔
ووہان کے سینیئر عہدے دار لائی تاؤ نے کہا ہے کہ ایک کروڑ 10 لاکھ آبادی کے اس شہر میں تیزی سے جامع نیوکلیک ایسڈ ٹیسٹنگ شروع کر رہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق انتظامیہ کی طرف سے گزشتہ روز بتایا گیا تھا کہ باہر سے آ کر ووہان میں کام کرنے والے مزدوروں میں وائرس کے 7 کیسز سامنے آئے ہیں جس نے گزشتہ ایک سال کے دوران مقامی سطح پر نئے کورونا کیسز نہ آنے کے سلسلے کو توڑ دیا ہے۔
چین میں منگل کو کورونا وائرس کے 61 کیسز سامنے آنے ہیں اور تیزی سے پھیلنے والے ڈیلٹا ویرینٹ کے درجنوں شہروں تک پہنچنے کے بعد نانجنگ ائیر پورٹ میں صفائی کرنے والوں میں انفیکشن نے ملک بھر میں کورونا کیسز کے نئے سلسلے کو جنم دیا ہے۔
علاوہ ازیں موسم گرما کی تعطیلات کے دوران سیاحوں کو بیجنگ میں داخلے سے بھی روک دیا گیا ہے اور شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔