کراچی: ضلع وسطی میں ایچ آئی وی مریضوں کی تعداد صوبے میں سب سے زیادہ ہونے کا انکشاف

Published On 26 August,2021 08:45 am

کراچی: (دنیا نیوز) ڈائریکٹر انسداد متعدی امراض سندھ ڈاکٹر ارشاد کاظمی نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی کے ضلع وسطی میں ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کی تعداد صوبے میں سب سے زیادہ ہے۔

ایچ آئی وی ایک قابل علاج مرض ہے، اس کے پھیلاﺅ کی سب سے بڑی وجہ استعمال شدہ سرنجز کا دوبارہ استعمال اور غیر محفوظ انتقال خون ہیں۔ کراچی جیسے بڑے شہر میں اتائیوں کی بھرمار اور سرنجز کے ذریعے منشیات کا بڑھتا استعمال ہیومن ایمیونوڈیفی شنسی وائرس کی شرح میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔

کراچی کے ضلع وسطی میں ایچ آئی وی کے 2 ہزار 725 کیسز رپورٹ ہوئے، ضلع جنوبی میں متاثرہ افراد کی تعداد 1 ہزار 35 ضلع غربی میں 998 ہے، کراچی میں مجموعی طور پر ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کی تعداد 6768 ہے۔ متعدی امراض کی ماہر ڈاکٹر نسیم صلاح الدین کہتی ہیں کراچی بڑا شہر ہے، یہاں کیسز کی تعداد صوبے بھر سے زیادہ ہے۔

کراچی کی سینٹرل جیل میں 67 اور ملیر جیل میں 89 قیدی بھی ایچ آئی وی سے متاثر ہیں، کراچی میں 7 ٹریٹمنٹ سینٹرز موجود ہیں جہاں متاثرہ افراد کو مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔

طبی ماہرین کہتے ہیں انتقال خون کی صورت میں معیاری اور رجسٹرڈ بلڈ بینکس سے رابطہ کریں، غیر ضروری انجکشن سے گریز اور انتہائی ضرورت کے نتیجے میں نئی سرنج کا استعمال ہی آپ کو ایچ آئی وی سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔