مکئی کھائیں صحت بنائیں

Published On 30 August,2021 08:28 pm

لاہور: (خصوصی ایڈیشن) مکئی، سِٹا، بُھٹا یا چھلی ایک ایسی چیز ہے جو شاید ہی کسی کو ناپسند ہو۔ اسے دنیا بھر میں مختلف طریقوں سے کھایا جاتا ہے، بعض لوگ اُبال کر اور بعض بھون کر کھانا پسند کرتے ہیں۔ مکئی تقریباً ہر ثقافت میں ایک اہم خوراک ہے۔ اسے پاؤڈر یا آٹے (کارن فلور) کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

یہاں یہ جاننا ضروری ہے کہ آیا یہ آپ کی صحت کیلئے بھی اچھی ہے یا نہیں۔ آئیے آپ کو اس کے فوائد سے آگاہ کرتے ہیں۔

انرجی بُوسٹر

مکئی ایک زبردست اناج ہے جو پیچیدہ کاربوہائیڈریٹ پر مشتمل ہے اسے کھانا صرف توانائی کا ذریعہ نہیں بلکہ دماغ اور اعصابی نظام کیلئے بھی بہت مفید ہے۔

سرخ خلیات میں اضافہ

چونکہ مکئی وٹامن بی 12 اور آئرن سے بھرپور ہوتی ہے، یہ خون کے سرخ خلیوں کی پیداوار کو بڑھاتی ہے۔ خون کے سرخ خلیوں میں اضافہ اس لیے بھی پسند کیا جاتا ہے کیونکہ یہ جسم میں زیادہ غذائی اجزا کی گردش میں مدد دیتے ہیں اور جسم کو خون کی کمی سے بچنے میں بھی مدد فراہم کرتے ہیں جس سے ناصرف آپ کا جسم صحت مند اور چاق وچوبند رہتا ہے بلکہ چہرے پر تازگی اور شادابی بھی چھلکتی ہے۔

بلڈ شوگر اور کولیسٹرول کی سطح کو کم رکھنا

مکئی میں موجود مزاحم نشاستے کا استعمال گلوکوز اور انسولین کے ردعمل کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے یہ کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے اور ہاضمے کو بہتر بنانے میں بھی مدد دیتا ہے۔

آنکھوں کیلئے مفید

مکئی میں لوٹین اور زیکسنتھین بھی ہوتا ہے، جو ریٹنا یعنی آنکھ کی پُتلی میں موجود مالیکولر روغن ہیں اور بصارت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ لہٰذا مکئی کا استعمال آپ کی بینائی کیلئے بہت اچھا ثابت ہو سکتا ہے۔

وزن کنٹرول کرنے میں فائدہ مند

مکئی میں مزاحم نشاستہ بھی ہوتا ہے۔ یہ خاص طور پر وزن کم کرنے کی کوشش کرنے والے افراد کیلئے بہت اچھا ہے کیونکہ یہ توانائی کی کثافت کو کم کرنے اور بھوک کم کرنے میں مدد کرتا ہے۔

گلوٹین فری

اس کی قدرتی شکل میں مکئی گلوٹین فری ہے لہٰذا ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ جو لوگ گلوٹین کو پسند نہیں کرتے، چاہے طبی وجوہات کی بنا ء پر یا کسی دوسری صورت میں، وہ بھی بغیر کسی پریشانی کے مکئی کو براہ راست کسی بھی صورت میں کھا سکتے ہیں یا مکئی کا آٹا (کارن فلور) استعمال کر سکتے ہیں۔

تحریر: نرمین مبشر
 

Advertisement