فیصل آباد: سول ہسپتال کے لئے منگوائی گئی درجنوں سولر پلیٹس چوری ہو گئیں

Published On 09 September,2021 08:28 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے سول ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ سمیت متعدد وارڈز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لئے منگوائی سولر پلیٹس میں سے درجنوں پلیٹیں چوری کرلی گئیں، ہسپتال انتظامیہ معاملہ دبانے کے لئے کوشاں ہے۔

مال مفت دل بے رحم، یہ بات سچ ثابت کر دکھائی سول ہسپتال فیصل آباد انتظامیہ نےجہاں پر ہسپتال کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لئے سینکڑوں سولر پلیٹیں منگوائی گئی تھیں، نامعلوم چور رات کی تاریکی میں لکڑی کے کارٹن کھول کر درجنوں سولر پلیٹیں چوری کرکے لے گئے لیکن ہسپتال انتظامیہ معاملہ دبانے کے لئے کوشاں ہے۔

سول ہسپتال سے پہلے بھی لاکھوں روپے مالیت کی ائیرکنڈیشنز کی کٹیں چوری ہوچکی ہیں، ہسپتال انتظامیہ سولر پلیٹوں کی لاکھوں کی چوری دبانے کے لئے کوشاں ہیں جن کا کہنا ہے پلیٹیں چوری نہیں بلکہ ٹھیکدار لے کر گیا ہے۔

شہری کہتے ہیں سینکڑوں سکیورٹی گارڈز کی موجودگی میں اتنی بڑی چوری کیسے ہوسکتی ہے، ہسپتال عملہ بظاہر چوری میں ملوث دکھائی دیتا ہے۔
 

Advertisement