کوئٹہ: (دنیا نیوز) پنجاب اور سندھ میں کورونا وائرس خطرناک حد تک پھیل جانے کے بعد بلوچستان میں بھی کیسز میں اضافہ ہونے لگا، دو ہفتوں کے دوران وائرس کے پھیلاؤ کی شرح 12 فیصد سے بڑھ گئی، شہری ایس او پیز پر عمل کرنے سے قاصر دکھائی دے رہے ہیں۔
کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں کورونا وائرس کے کیسز میں غیر معمولی اضافے کے بعد بلوچستان میں بھی کیسز بڑھنے لگے، بلوچستان میں 15 روز قبل تک کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح 1 فیصد سے کم تھی لیکن گزشتہ چند روز سے وائرس کے پھیلاؤ کی شرح میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے جس کی بنیادی وجہ ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنا ہے۔
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی مارکیٹوں، شاپنگ مالز حتیٰ کہ ہسپتالوں میں بھی بہت کم لوگ ماسک لگائے دکھائی دیتے ہیں جس کی وجہ سے وائرس کے پھیلاؤ کی شرح مزید بڑھ سکتی ہے اور دوبارہ لاک ڈاؤن کا بھی خدشہ ہے۔