شمالی کیرولینا: (ویب ڈیسک) تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ ورزش کرنے والوں کا باقاعدگی سے بادام کھانے کا عمل صحت کے لئے انتہائی مفید ہوتا ہے۔
تحقیق کا حصہ بننے والے مرد و خواتین جنہوں نے ایک ماہ تک روزانہ کی بنیاد پر 57 گرام بادام کھائے ان کے خون میں ورزش کے فوری بعد جسم میں مفید چکنائی کی مقداد زیادہ پائی گئی، اس مالیکیول کو آکسیلِپِن (آکسیڈائزڈ فیٹ) کہا جاتا ہے جو لائنولیئک ایسڈ سے بنتا ہے اور اس کے میٹابولک صحت پر انتہائی مفید اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
شمالی کیرولائنا کی ایپالیشن اسٹیٹ یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر ڈیوڈ سی نیئمن نے تحقیق پر مبنی اپنی رپورٹ میں بتایا کہ وہ رضاکار جنہوں نے ہفتے کے آخری دن شدید نوعیت کی ورزش کرنے سے قبل ایک مہینے تک روزانہ 57 گرام بادام کھائے ان کے خون میں ورزش کرنے کے فوری بعد ڈائی ہوم 12، 13 نامی مفید چکنائی بادام نہ کھانے والوں کی نسبت زیادہ مقدار میں موجود تھی۔
تحقیق میں باقاعدگی سے شدید نوعیت کی ورزش نہ کرنے والے 38 مرد اور 26 خواتین نے حصہ لیا جن کی عمریں 30 سے 65 برس کے درمیان تھیں، تشکیل دیے گئے گروپ کے آدھے ارکان کو بادام کی غذا دی گئی جبکہ باقیوں کو اسی مقدار میں بادام کے بجائے سیریل بار دیا گیا۔
شرکاء کا غذا سے قبل اور غذا دیے جانے کے 4 ہفتوں پر مشتمل دورانیے کے بعد خون اور پیشاب کے نمونے لیے گئے، ہر بار خون کے نمونے لیے جانے کے بعد شرکاء سے ان کی ذہنی کیفیت جاننے کے لئے سوالنامے بھی پُر کروائے جاتے جن میں انہیں پٹھوں کی سوزش کے حوالے سے 1 سے 10 تک ریٹنگ دینا ہوتی تھی۔
روزانہ بادام کھانے سے میٹابولزم میں تبدیلی آتی ہے اور ورزش کرنے کے باعث ہونے والی سوزش کم ہوتی ہے، اور بادام نہ کھانے والوں کی نسبت بادام کھانے والوں کا جسم تیزی سے تھکن دور کرتا ہے اور ان کے پٹھوں کو بھی کم نقصان پہنچتا ہے۔