نیو یارک : (ویب ڈیسک ) اگر آپ فاسٹ فوڈ کھانے کے شوقین ہیں تو آپ کی یہ عادت صحت کیلئے انتہائی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے ، امریکا میں ہونیوالی ایک تازہ تحقیق کے مطابق فاسٹ فوڈ جگر کے امراض (جگر پر چربی) کا سبب بنتا ہے ۔
جگر انسانی پیٹ کے اندر سب سے دوسرا بڑا عضو ہوتا ہے جو غذا کو دو حصوں میں تقسیم کرنے کا کام کرتا ہے، یہ عضو کھانے کو جسم میں خون اور تقویت دینے اور انسانی فضلے میں بدلنے کے لیے تقسیم میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
جگر کی خرابی سے نظام انہضام بھی متاثر ہوتا ہے اور اس عضو کی بیماری دیگر کئی بیماریوں کی بھی وجہ بن سکتی ہے ، جگر کی چربی ایک عام مرض ہے جو کہ موٹاپے سمیت غیر صحت مند غذا، سگریٹ و شراب نوشی جیسی عادات کی وجہ سے لاحق ہوتا ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق سب سے خطرناک جگر پر چربی شراب و سگریٹ نوشی سے ہوتی ہے، تاہم موٹاپے اور غیر صحت مند غذائیں کھانے سے ہونے والی چربی مختلف مسائل اور خاص طور پر پیٹ میں درد کی شکایت کو عام کر سکتی ہے۔
امریکی ماہرین نے جگر پر چربی اور فاسٹ فوڈ میں تعلق جاننے کے لیے چار ہزار بالغ افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا جس سے معلوم ہوا کہ فاسٹ فوڈ کھانے کا جگر کے امراض سے گہرا تعلق ہے۔
ماہرین کی جانب سے کی جانے والی تحقیق سے معلوم ہوا کہ نصف سے زائد امریکی بالغ افراد فاسٹ فوڈ کا استعمال کرتے ہیں اور گزشتہ نصف صدی میں اس کے استعمال میں مسلسل اضافہ سامنے آرہاہے ۔
تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد حیران کن طور پر فاسٹ فوڈ کے استعمال میں اضافہ ہوا جس سے لوگوں میں جگر کے امراض زیادہ تیزی سے بڑھے۔
ان نتائج سے معلوم ہوا کہ فاسٹ فوڈ استعمال کرنے والے تمام افراد کے جگر میں چربی پائی گئی، تاہم جن افراد نے یومیہ کم فاسٹ فوڈ کا استعمال کیا، ان میں چربی کی شرح بھی کم پائی گئی۔
ماہرین صحت کے مطابق عام افراد کا خیال ہوتا ہے کہ دن میں ایک بار فاسٹ فوڈ کھا لینے سے صحت پر کوئی فرق نہیں پڑتا اور اسی وجہ سے وہ غیر صحت مند کھانے کھا کر اپنے جسم کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
ماہرین کی جانب سے تجویز کیا گیا ہے کہ فاسٹ فوڈ میں شامل ایسی غذاؤں کو انتخاب کیا جائے جو زیادہ چکنی اور تلی ہوئی نہ ہوں تو جگر کی چربی بڑھنے کی رفتار کو کم کیا جا سکتا ہے۔