نیویارک : (ویب ڈیسک ) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بھارتی تیارکردہ کھانسی کے سیرپوں سے ازبکستان میں بچوں کی ہلاکتوں کے بعد اس کے استعمال پر انتباہ جاری کیا ہے ۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کھانسی کے سیرپ (AMBRONOL) اور (DOK-1 Max) کوالٹی اسٹینڈرڈز پر پورا اترنے میں ناکام رہے ہیں ، لیبارٹری کے تجزیے سے معلوم ہوا کہ دونوں مصنوعات میں ڈائی تھیلین گلائکول اور ایتھیلین کی مقدار ضرورت سے زیادہ ہے۔
یہ دونوں سیرپ بھارتی ریاست اترپردیش کی کمپنی مارین بائیو ٹیک تیار کرتی ہے جسے اب عالمی ادارہ صحت نے غیر معیاری قرار دے دیا ہے تاہم بھارتی کمپنی نے عالمی ادارہ صحت کو فی الحال ان دونوں سیرپ کی کوالٹی سے متعلق کوئی ضمانت نہیں دی ہے۔
ازبکستان میں دسمبر 2022 میں اس بھارتی کمپنی کی دوائیں استعمال کرنے سے مبینہ طور پر 18 بچے ہلاک ہوگئے تھے ۔
یاد رہے کہ گیمبیا میں بھی یہی کیمیکل 66 بچوں کی موت کی وجہ بھی بنا تھا جس کے بعد عالمی ادارہ صحت نے بھارتی کمپنی کی تیار کردہ کھانسی کی دوا سے متعلق انتباہ جاری کیا تھا۔