لاہور: (دنیا نیوز) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک نے کہا کہ بچوں کی اچھی صحت، تندرستی اور صحت مند مستقبل کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی ہیلتھ چیمپئن پروگرام کامیابی سے جاری ہے، پروگرام کے تحت اب تک 4 ہزار بچوں کو آگاہی دی جا چکی ہے۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک اور پاکستان کے معروف اولمپک ایتھلیٹ ارشد ندیم نے گورنمنٹ شہدائے اے پی ایس ماڈل گرلز ہائی سکول میں جاری ہیلتھ چیمپئن پروگرام کا دورہ کیا۔
مدثر ریاض ملک کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کا مقصد بچوں میں شروع سے ہی غذائیت سے بھرپور غذا کے چناؤ کی مکمل آگاہی اور ٹریننگ دینا ہے، سکول میں بچوں کے ہائیٹ، ویٹ، پی ایم آئی، لین اور سکیلیٹل مسل میس اور فری نیوٹریشن سکریننگ کی جائے گی۔
قومی ہیرو ارشد ندیم نے بچوں سے ملاقات کی اور روزانہ کی بنیاد پر غذائیت سے بھرپور خوراک کے استعمال کرنے کی ترغیب دی، انہوں نے کہا کہ بیماریوں سے بچنے اور خود کو فٹ رکھنے کے لیے خوراک کے حوالے سے بہت محتاط رہنا چاہیے، بچپن سے ہی بچوں میں صحت مند غذا کے متعلق تعلیم و تربیت مستقبل میں ایک چست و درست ایتھلیٹ بننے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
اولمپک ایتھلیٹ کا کہنا تھا کہ پڑھائی اور کھیل کود کے ساتھ ساتھ غذائیت سے بھرپور خوراک کا استعمال بھی بے حد ضروری ہے، ایک اتھلیٹ کے لیے ٹریننگ کے ساتھ اچھی خوراک بھی ضروری ہے۔