لاہور : (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے 13 اضلاع میں پولیومہم کا آغاز 13 مارچ سے ہورہا ہے، صوبائی دارالحکومت لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد میں مہم سات روز تک جاری رہے گی۔
محکمہ صحت کے مطابق 13 مارچ سے شروع ہونے والی پولیو مہم بہاولپور، بھکر، ڈی جی خان، لیہ، میانوالی، ملتان، راجن پور، رحیم یار خان، شیخوپورہ، سیالکوٹ میں پانچ روز جاری رہے گی ، مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے ایک کروڑ 13 لاکھ 50 ہزار سے زائد بچوں کو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پولیو مہم کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا، نگران وزیر پرائمری صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی، چیف سیکرٹری نے انسداد پولیو مہم کو بھرپور انداز میں کامیاب بنانے کی ہدایت کی۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کا کہنا تھا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے وائرس کیخلاف کامیابیوں کا تسلسل برقرار رکھنا از حد ضروری ہے ، ڈپٹی کمشنرز انسداد پولیو مہم کے معیار اور کوریج پر خصوصی توجہ دیں، پولیو وائرس سے بچاؤ کا واحد حل ویکسین ہے، انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو ہر بار ویکسین کے قطرے لازمی پلائیں۔
دوران اجلاس میں سیکرٹری پرائمری صحت نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی، 13 مارچ سے شروع ہونیوالی انسداد پولیو مہم میں 90 ہزار سے زائد پولیو ورکرز خدمات سر انجام دیں گے۔
سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ، محکمہ صحت کے حکام اور پولیو کے خاتمے کیلئے کام کرنے والے عالمی اداروں کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی، تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔