لندن: (ویب ڈیسک)وزن میں بے تحاشا اضافہ کئی بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے، جس میں ہائی بلڈ پریشر اور امراض قلب وغیرہ شامل ہیں، لیکن اب ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ وزن کم ہونے سے دل پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ وزن میں کمی سے دل کے امراض اور ٹائپ ٹو ذیابیطس کا خطرے میں بھی نمایاں کمی واقع ہوتی ہے، یہ اثرات اگلے پانچ برس تک برقرار رہتے ہیں تھوڑا وزن بڑھنے سے بھی اس پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔
عمومی طور پر یہ بات بھی نوٹ کی گئی ہے کہ وزن کم ہونےکے کچھ عرصہ بعد دوبارہ وزن میں اضافہ ہو جاتا ہے، لیکن جامعہ آکسفورڈ میں ،ماہر غذائیات پروفیسر سوسن اے جیب نے کہا کہ اگر وزن کم کرنے کے بعد اس میں کچھ اضافہ ہو بھی جائے تو اس کے فوائد برقرار رہیں گے۔
اے جیب کا کہنا تھا کہ وزن کم کرنے سے اگلے پانچ برس تک دل کی صحت اور ٹائپ ٹو ذیابیطس میں کمی کے امکانات برقرار رہیں گے اور یوں وزن گھٹانے کے طبی فوائد واضح ہیں، سوسن اور ان کے ساتھیوں نے اپنی تحقیق سرکولیشن کارڈیوویسکیولرکوالٹی اینڈ آؤٹ کمز نامی ریسرچ جرنل میں شائع کرائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: روزہ داروں کو تلی ہوئی چیزوں سے پرہیز کرنا چاہیے، طبی ماہرین
ڈاکٹر سوسن اور ان کے ساتھیوں نے 124 مطالعات کا بغور جائزہ لیا ہے جس میں اوسط 51 برس کے 50 ہزارافراد شامل تھے، ہر فرد کا 28 ماہ بعد فالو اپ کیا گیا، اس میں وزن کم کرنے کے بعد شریک افراد میں امراضِ قلب اور ذیابیطس کی جسمانی علامات (بایومارکرز) کا جائزہ لیا گیا۔
ماہرین نے 2 سے پانچ کلوگرام وزن کرنے والے افراد کا دیگر سے موازنہ کیا تو معلوم ہوا کہ ان میں مضر صحت کولیسٹرول میں کمی واقع ہوئی ہے، بلڈ پریشر کم دیکھا گیا اور ایچ بی اے ون سی کی شرح بھی کم تھی، اس کے علاوہ امراضِ قلب کے بایومارکر بھی کم دیکھے گئے۔
ماہرین نے نوٹ کیا کہ اس عرصے میں بعض افراد کا وزن دوبارہ بڑھا لیکن ان میں وزن کم کرنے کے فوائد واضح تھے۔