اسلام آباد: (ویب ڈیسک) امریکی معاونت سے پاکستان کے قومی ادارہ برائے صحت ( این آئی ایچ ) میں قائم ہونے والی تشخیصی لیبارٹری کا افتتاح ہو گیا۔
امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کے نائب چیف آف مشن اینڈریو شُوفر، وفاقی سیکرٹری برائے قومی صحت ڈاکٹر محمد فخر عالم عرفان اور پاکستان کے قومی ادارہ برائے صحت ( این آئی ایچ) کی سربراہ غزل پروین نے امریکی معاونت سے قائم ہونے والی تشخیصی لیبارٹری کا افتتاح کیا۔
لیبارٹری کے قیام سے پاکستان میں جراثیم سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی تشخیص اورتدارک کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: دن بھر میں ورزش کرنے کا بہترین وقت کونسا ہوتا ہے؟
امریکی سفارتخانہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اینڈریو شوفر نے کہا کہ پاکستان میں 2022 میں آنے والا سیلاب اس امرکی یاد دہانی کراتا ہے کہ کس طرح کھڑے پانی سے پیدا ہونے والی بیماریاں صحت کے لیے ایک خطرہ ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب کے بعد جاری بحالی کے سلسلہ میں امریکہ پاکستان کی حمایت پر کاربند ہے، واضح رہے کہ امریکی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن ( سی ڈی سی) کی اعانت سے قائم ہونے والی یہ تشخیصی سہولت امریکہ اور پاکستان کے درمیان صحت کے شعبہ میں دیرینہ شراکت کی تاریخ میں ایک نیا سنگ میل ہے۔
امریکہ اور پاکستان متعدد دہائیوں سے پاکستانی عوام کی تندرستی یقینی بنانے کے لیے قریبی تعاون میں مصروف ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:کورونا وائرس: ذیابیطس کے مریضوں کو کس طرح متاثر کرتا ہے ؟
یاد رہے کہ 2010 اور 2020 کے تباہ کن سیلابوں کے بعد سی ڈی سی کے ماہرین نے پاکستان کا دورہ کیا اور انہوں نے پاکستانی اور اقوام متحدہ کے شراکت داروں کو سیلاب کے نتیجہ میں پھیلنے والے امراض کی روک تھام کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی۔
حالیہ برسوں میں ریاستہائے متحدہ امریکہ اور پاکستان نے کووڈ19 وباء کے سد باب میں بھی تعاون کیا ہے اور امریکہ اب تک محفوظ اور موثر کووڈ19 ٹیکوں کی آٹھ کروڑ خوراکوں کی پاکستان میں ترسیل مکمل کر چکا ہے۔
امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) نے بھی پاکستان بھر میں کلینکوں اور ہسپتالوں کی تعمیر کرتے ہوئے حفظانِ صحت کی معیاری سہولیات تک رسائی کو وسعت دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حاملہ خواتین کو لگائے جانیوالے پروجیسٹرون انجیکشنز پر پابندی لگا دی گئی
ان کاوشوں کی ایک مثال یو ایس ایڈ کی معاونت سے قائم جیکب آباد انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ہے جس کی جانب سے 2022 کے سیلاب کے دوران بھی متاثرین کو طبی خدمات فراہم کی گئیں۔
امریکہ "سبز اتحاد لائحہ عمل" سمیت صحت اور سائنس کے شعبہ میں پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت کے قیام کا سلسلہ جاری رکھے گا۔