لاہور : (ویب ڈیسک ) ورزش صحت مند رہنے کیلئے بے حد ضروری ہے لیکن کس وقت کی جائے ؟ تو اس سوال کا جواب ہے کہ دن بھر میں دوپہر کا وقت بہترین ہوتا ہے کیونکہ دوپہر میں ورزش کرنے والے افراد کا امراض قلب سے قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
جرنل نیچر کمیونیکیشنز میں شائع ہونیوالی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ صبح 11 بجے سے پہلے یا شام 5 بجے کے بعد ورزش کرنے والوں کے مقابلے میں دوپہر میں ورزش کرنے والے افراد کا امراض قلب سے قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
محققین کے مطابق دن میں کسی بھی وقت معتدل یا سخت ورزش جیسے تیز چہل قدمی سے صحت کو فائدہ ہوتا ہے اور دل کی شریانوں کے امراض سے موت کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
اس تحقیق کے لیے UK بائیو بینک سے 92 ہزار سے زیادہ افراد کا طبی ڈیٹا حاصل کیا گیا تھا، اس ڈیٹا کی بنیاد پر لوگوں کو ورزش کرنے کے اوقات کے مطابق گروپس میں تقسیم کیا اور ان کی 7 دن کی جسمانی سرگرمیوں کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ صبح 11 بجے سے شام 5 بجے کا وقت ورزش سے حاصل ہونے والے فوائد کے لیے بہترین ہے، خاص طور پر مردوں اور معمر افراد کے لیے۔
محققین کا کہنا تھا کہ دوپہر میں ورزش کرنے والے افراد کا امراض قلب سمیت کسی بھی وجہ سے جلد موت کا خطرہ دیگر اوقات میں ورزش کرنے والوں سے کم ہوتا ہے یہ دن کا وہ وقت ہوتا ہے جب لوگوں میں ہارٹ اٹیک کا خطرہ سب سے کم ہوتا ہے۔
اس سے قبل نومبر 2022 میں نیدرلینڈز کے لائیڈن یونیورسٹی میڈیکل سینٹر کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنا چاہتے ہیں تو دوپہر یا شام کو ورزش کرنا بہترین ہے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ دوپہر سے آدھی رات کے درمیان کسی وقت بھی ورزش کرنا انسولین کی مزاحمت کا خطرہ 25 فیصد تک کم کرتا ہے، انسولین کی مزاحمت اس وقت ہوتی ہے جب مسلز، چربی اور جگر کے خلیات کو انسولین کے حوالے سے ردعمل میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے جس کے باعث خون میں گلوکوز کی سطح بڑھ جاتی ہے۔
اگر خون میں گلوکوز کی مقدار کو کنٹرول میں نہ رکھا جائے تو وقت گزرنے کے ساتھ ذیابیطس کا سامنا ہوتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل Diabetologia میں شائع ہوئے تھے۔