پاکستان اور افغانستان میں پولیو کے پھیلاؤ پرعالمی ادارہ صحت کا اظہار تشویش

Published On 28 August,2023 12:42 pm

جینیوا: (دنیانیوز) عالمی ادارہ برائے صحت کی پولیو ایمرجنسی کمیٹی نے پاکستان اور افغانستان میں پولیو کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔

عالمی ادارہ برائے صحت کی پولیو ایمرجنسی کمیٹی نے کہا ہے کہ پاکستان میں پولیو کے پھیلاؤ کا خطرہ تاحال برقرار ہے اور اب بھی بچوں کی ایک بڑی تعداد پولیو کے قطرے پینے سے محروم ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق سیاسی عدم استحکام، امن و امان کی صورتحال پولیو کے خاتمے میں رکاوٹ ہیں، والدین کی جانب سے مختلف سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث پولیو ویکسین کا بائیکاٹ بھی ایک بڑا مسئلہ ہے ۔

عالمی ادارہ کاکہنا ہے کہ افغانستان میں پولیو پروگرام کی ناکامی پاکستان کے پولیو پروگرام کو خطرے میں ڈال سکتی ہے، پاکستان سے پولیو وائرس کا ملاوی اور موزمبیق جانا بھی پولیو وائرس کے عالمی پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کی ایمرجنسی کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانی اور افغان شہری پولیو ویکسینیشن ضرور کروائیں جبکہ بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کو پولیو ویکسینیشن سرٹیفکیٹ ایشو کیا جائے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ملاوی اور موزمبیق سے بیرون ممالک سفر کرنے والے افراد بھی پولیو ویکسینیشن ضرور کروائیں۔