اسلام آباد: (دنیانیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈینگی کیسز بڑھنے لگے ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام اباد میں ڈینگی کے5 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق اسلام آباد میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 134 ہوگئی ہے ، رواں سیزن میں شہری علاقوں میں ڈینگی کے 38 مریض رپورٹ ہوئے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کا بتانا ہے کہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں اب تک ڈینگی کیسزکی مجموعی تعداد 96 ہوگئی ہے ۔
سیکرٹری محکمہ صحت پنجاب کے مطابق راولپنڈی میں گزشتہ روز 11 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد رواں سال ڈینگی کے مجموعی کیسز کی تعداد 271 ہوگئی ہے ۔
دوسری جانب صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 43 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد رواں سال پنجاب کے 36 اضلاع میں ڈینگی کے 1458 کیسز رپورٹ ہوئے ۔