لاہور میں آشوب چشم کا مرض پھیل گیا، ہسپتالوں میں مریضوں کا رش

Published On 18 September,2023 08:13 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں آشوب چشم کا مرض پھیل گیا، ہسپتالوں میں آنکھوں کے مریضوں کا رش بڑھ گیا۔

ڈاکٹرز کے مطابق آشوب چشم کی وجہ سے آنکھوں کی جھلی میں سوزش ہو رہی ہے، آنکھیں سرخ، پانی بہنا، سوجن، چبھن شروع ہو جاتی ہے اور مریض آنکھوں میں شدید تکلیف محسوس کرتا ہے، یہ ایک وبائی مرض ہے، احتیاطی تدابیر کے طور پر آنکھوں کو صاف رکھیں، جب بھی باہر سے گھر آئیں تو صابن سے ہاتھ اور آنکھیں دھوئیں۔

میوہسپتال کے ماہر امراض چشم نے کہا آشوب چشم میں مبتلا مریض متاثرہ آنکھوں پر ہاتھ نہ لگائیں، آنکھیں مسلنے سے پرہیز کریں، تولیا اور چہرہ صاف کرنے والے کپڑے علیحدہ رکھے جائیں، گھر سے باہر نکلتے ہوئے کالا چشمہ پہنیں تاکہ دھوئیں اور گرد وغبار سے محفوظ رہیں، آشوب چشم کے مریضوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوگیا ہے۔

ڈاکٹر ناصر چودھری نے کہا آشوب چشم کا مرض سب سے زیادہ بچوں میں بڑھ رہا ہے، بچوں کے سکولوں میں ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے سے مرض گھر تک آرہا ہے، والدین آشوب چشم میں مبتلا بچوں کو سکول نہ بھیجیں، گھروں میں صفائی رکھیں اور مریض کو فوری آنکھوں کے قریبی ہسپتال لے کر جائیں۔