سموگ: لاہور کے ہسپتالوں میں کھانسی و سانس کے مریضوں میں اضافہ

Published On 27 November,2023 10:24 am

لاہور: (دنیانیوز) لاہور میں فضائی آلودگی روگ بن گئی، ہسپتالوں میں خشک کھانسی اور سانس لینے میں دشواری کے مریضوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

فضائی آلودگی سے انسانی صحت متاثر ہونے لگی ، صوبائی دارالحکومت کے 5 بڑے ہسپتالوں میں گزشتہ 6 روز کے دوران سموگ سے متاثرہ 7 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔

جناح ہسپتال میں 2 ہزار 300، میو ہسپتال میں 2 ہزار 100اور گنگارام ہسپتال میں 1 ہزار 800 سے زائد مریض آئے ،سموگ سے متاثرہ سینکڑوں مریضوں نے سروسز اور جنرل ہسپتال کا بھی رخ کیا۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی سے متاثرہ مریض بڑی تعداد میں رپورٹ ہو رہے ہیں، سانس لینے میں دشواری کے مریض گھروں سے باہر نہ جائیں، پھیپھڑوں اور دمہ کے مریضوں کو خاص احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق سموگ سے جلدی امراض میں اضافہ اور آنکھیں متاثر ہو رہی ہیں، شہری ماسک اور عینک کا استعمال یقینی بنائیں، کم قوت مدافعت والے افراد اچھی خوراک، ڈرائی فروٹ اور قہوہ کا استعمال کریں۔