سمارٹ ڈیوائسز سے نکلنے والی لائٹ سے نیند متاثر نہیں ہوتی: تحقیق

Published On 09 January,2024 11:44 am

میونخ: (ویب ڈیسک) ایک تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ موبائل و کمپیوٹر سمیت اس طرح کی دیگر سمارٹ ڈیوائسز سے خارج ہونے والی لائٹ انسانی نیند کو متاثر نہیں کرتی۔

اس سے قبل سامنے آنے والی متعدد تحقیقات میں یہ انتباہ دیا گیا تھا کہ الیکٹرانک سمارٹ ڈیوائسز سے خارج ہونے والی لائٹ انسانی صحت اور خصوصی طور پر دماغی صحت کیلئے نقصان دہ ہوسکتی ہے۔

تاہم جرمنی کے شہر میونخ کی یونیورسٹی کے ماہرین کی جانب سے کی جانے والی ایک مختصر مگر تازہ تحقیق میں اس بات کے شواہد نہیں ملے کہ ڈیوائسز سے خارج ہونے والی روشنی نیند میں خلل ڈال سکتی ہے۔

طبی جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق ماہرین نے تحقیق کیلئے 16 رضاکاروں کی خدمات حاصل کیں اور انہیں سونے سے قبل 30 منٹ تک موبائل یا ایسی دوسری ڈیوائسز استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی۔

رضاکاروں کو مختلف مراحل میں بلیو، گرین اور سفید لائٹ کے ڈیوائسز استعمال کرنے کا کہا گیا اور پھر انہیں نیند کیلئے بستر پر جانے کی ہدایت کی گئی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ ڈیوائسز کی تمام لائٹس انسانی دماغ کے اس نظام کو متاثر نہیں کرتیں جو نیند اور وقت کا تعین کرتا ہے، یعنی ڈیوائسز کی لائٹ سے نیند میں خلل نہیں پڑتا۔