لاہور: (دنیا نیوز) سموگ اور خشک سردی کے باعث نمونیا کیسز میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں نمونیا کے مزید 140 جبکہ لاہور میں 60 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، صوبائی دارالحکومت میں مجموعی کیسز کی تعداد 780 جبکہ پنجاب میں مجموعی طور پر 4 ہزار 900 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں پنجاب میں نمونیا سے 6 جبکہ لاہور میں ایک بچے کی ہلاکت کے بعد نمونیا سے جاں بحق بچوں کی مجموعی تعداد 126 تک پہنچ گئی ہے۔
لاہور کے ہسپتالوں میں نمونیا، چیسٹ انفیکشن اور وائرل انفیکشن کے سیکڑوں بچے زیر علاج ہیں، چلڈرن ہسپتال میں 60 سے زائد بچے داخل ہیں، جناح ہسپتال، سروسز، جنرل اور گنگارام ہسپتال میں بھی بچے زیر علاج ہیں۔
ادھر عام مارکیٹ میں نمونیا ویکسین اور ادویات کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔