فیصل آباد: (دنیانیوز) پنجاب کے شہر فیصل آباد کی دو بڑی سرکاری علاج گاہوں کے دروازے آنکھوں کے مریضوں کےلیے بند کردیے گئے۔
فیصل آباد کے الائیڈ ہسپتال ون اور ٹو میں ری ویمپنگ کے باعث آنکھوں کا علاج مکمل طور پر رک گیا ، جنرل ہسپتال سمن آباد میں لیزر کے ذریعے علاج میں استعمال ہونے والے مشین بھی عرصہ دراز سے خراب پڑی ہے ۔
غیر معیاری لینزاستعمال کرنے پر نجی ہسپتالوں میں پہلے ہی صحت کارڈ کے ذریعے آنکھوں کا آپریشن کرنے پر پابندی عائد ہے ، آنکھوں کی بیماریوں میں مبتلا ہزاروں مریض دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبورہیں۔
ناقص حکمت عملی پر شہری محکمہ صحت کو کوسنے لگے ، مریضوں نے شکوہ کیا کہ نجی سطح پر آنکھوں کےعلاج پر ہزاروں روپے کے اخراجات اٹھانا ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔