پتوکی میں خسرہ سے ہلاکتوں کی تعداد 7 ہوگئی، شرقپور میں بھی دو بچے جاں بحق

Published On 29 May,2024 05:56 pm

پتوکی، شرقپور شریف: (دنیا نیوز) پتوکی میں خسرے کی وباء کے باعث بچوں کی ہلاکتوں کی تعداد 7 ہوگئی جبکہ شرقپور میں بھی ایک ہی خاندان کے دو بچے جاں بحق ہوگئے۔

پتوکی کے علاقے کمیانہ ٹھٹھ میں خسرے کی وبا بے قابو ہوگئی، خسرہ کے باعث جاں بحق ہونیوالے بچوں کی تعداد 7 ہوگئی جبکہ 9 بچے سرکاری ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

سی ای او ہیلتھ قصور متعدد ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم کے ہمراہ خسرے سے ہلاک بچوں کے گاؤں پہنچ گئے، خسرے میں مبتلا مشکوک بیمار بچوں کے بلڈ سیمپل لے کر ٹیسٹ کے لئے بھیج دیئے گئے، ٹیسٹ رپورٹس آنے پر مرض کی مکمل تشخیص ہوگی۔

دوسری جانب شرقپور شریف میں بھی خسرہ کی وباء پھوٹ پڑی، موذی مرض کے باعث ایک ہی خاندان کے دو بچے جاں بحق ہوگئے، جاں بحق ہونے والے بچوں کا تعلق شہر کے بڑا اڈا سے ہے، عمر تقریباً ایک اور 2 سال ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب نے پتوکی میں خسرہ سے بچوں کی ہلاکتوں کا نوٹس لےلیا

ٹی ایچ کیو ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خسرہ سے متاثرہ بچے روزانہ کی بنیاد پر ہسپتال پہنچ رہے ہیں، متاثرہ بچوں کا ترجیحی بنیادوں پر علاج کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خسرہ سے بچوں کی ہلاکتوں کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری ہیلتھ سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے، جبکہ ہسپتالوں میں خسرہ سمیت امراض کی ویکسینیشن یقینی بنانے کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی کوتاہی اور نااہلی کی وجہ سے معصوم جانیں ضائع ہوئیں، کوتاہی کی ذمہ داری کا تعین کرکے قرار واقعی سزا دی جائے گی۔