اسلام آباد: (فوزیہ علی) ملک کے مزید تین اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہو گئی۔
قومی ادارہ صحت کے مطابق پہلے سے متاثرہ سندھ کے دو اضلاع اور بلوچستان کے ایک ضلع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
کراچی کورنگی، کراچی ساؤتھ اور ڈیرہ بگٹی سے لیے گئے سیوریج کے پانی کے نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا جبکہ مثبت نمونوں کا جنیاتی تعلق وابی تھری اے پولیو وائرس کلسٹر سے ہے۔
قومی ادارہ صحت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جولائی کے پہلے ہفتے میں انسداد پولیو مہم میں 41 اضلاع میں 84 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔
قومی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق اس سال پولیو وائرس ملک کے 49 اضلاع میں پایا جا چکا ہے، رواں برس 8 بچے پولیو سے متاثر بھی ہو چکے ہیں۔