اسلام آباد: (دنیانیوز) ڈی جی ایئرپورٹ اتھارٹی نے تمام ایئرپورٹس پر منکی پاکس کی سکریننگ کا عمل مزید سخت کرنے کا حکم دے دیا۔
منکی پاکس کے معاملے پر ڈی جی ایئرپورٹ اتھارٹی کی زیرصدارت ایئرپورٹ اتھارٹی ہیڈکوارٹرز میں جائزہ اجلاس ہوا، ایئرپورٹس کے مینیجرز اجلاس میں شریک ہوئے، اجلاس میں ملک بھر کے بین الاقوامی ایئرپورٹس پر منکی پاکس سکریننگ کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ڈی جی ایئرپورٹس اتھارٹی نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ لاہور، اسلام آباد، کراچی، پشاور، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان اور کوئٹہ سمیت تمام ایئرپورٹس پر منکی پاکس کی سکریننگ کا عمل سخت کیا جائے، بیرون ملک سے آئے مسافروں کی سکریننگ کا ڈیٹا محفوظ کیا جائے۔