لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے ہسپتالوں میں مریضوں کے غیر ضروری ریفرل سسٹم پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے رات گئے بابا بلھے شاہ ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور اور ٹی ایچ کیو ہسپتال رائیونڈ کا دورہ کیا اور دونوں ہسپتالوں کی ایمرجنسی، بچہ وارڈز، میڈیکل وارڈز، ڈائیلائسز سنٹرز کا جائزہ لیا، صوبائی وزیر صحت نے ہسپتالوں میں طبی سہولیات کا معائنہ کیا۔
خواجہ عمران نذیر نے فارمیسی میں موجود ادویات کا ریکارڈ چیک کیا اور وارڈز میں جاکر مریضوں سے ادویات کی فراہمی کے حوالے سے فرداً فرداً دریافت کیا، صوبائی وزیر صحت نے ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور میں بجلی کے دیرینہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
وزیر صحت نے ہسپتالوں میں مریضوں کے غیر ضروری ریفرل سسٹم پر عدم اطمینان کا اظہار کرتےہوئے گزشتہ تین مہینوں میں مریضوں کے ریفرل کی رپورٹ طلب کرلی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کا کہنا تھا کہ مریضوں کو ادویات اور ٹیسٹوں کی سہولت کی فراہمی میری ترجیح ہے، ہسپتالوں میں کنسلٹنٹ، انیستھیزیا کے ڈاکٹر کی تمام شفٹوں میں موجودگی یقینی بنائی جائے، ایوننگ اور نائٹ شفٹ میں ڈاکٹرز کی عدم موجودگی پر ایم ایس کا احتساب ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کی سہولت کیلئے لیبز کو اپ گریڈ کردیا گیا ہے، ٹیچنگ ہسپتالوں میں مریضوں کا رش کم کرنے کیلئے ضلعی ہسپتالوں میں ٹیچنگ یونٹس قائم کئے جارہے ہیں، تمام ضلعی ہسپتالوں میں دل کے مریضوں کیلئے مرحلہ وار کیتھ لیبز بھی قائم کی جارہی ہیں۔