دنیا بھر میں تپ دق (ٹی بی) کا دن منایا گیا

Published On 24 March,2025 11:43 am

لاہور: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں تپ دق (ٹی بی) کا دن منایا گیا۔

24 مارچ دنیا بھر میں ٹی بی کے عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے، اس دن کو منانے کا مقصد ٹی بی کے تباہ کن اثرات بارے عوامی بیداری بڑھانا اور اس موذی مرض کو ختم کرنے کی کوششوں میں تیزی لانا ہے۔

ٹی بی کے مرض کی کئی اقسام ہیں لیکن اس کے جراثیم اکثر پھیپھڑوں پر اثر انداز ہوتے ہیں، مسلسل کھانسی، تھوک میں خون آنا، سینے میں درد، وزن کم ہونا، بخار اور رات میں پسینہ آنا تپ دق (ٹی بی) کی علامات ہیں۔

بے احتیاطی کے باعث یہ مرض ایک سے دوسرے فرد تک پھیلتا ہے، ہر عمر کے افراد اس بیماری کا نشانہ بن سکتے ہیں، تاہم 6 سے 9 ماہ کی اینٹی بائیوٹک ادویات سے اس مرض پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق پاکستان میں ہر سال 4 لاکھ 20 ہزار افراد ٹی بی کے مرض میں مبتلا ہوتے ہیں جس کی بنیادی وجوہات میں غیر معیاری طرز زندگی، نامناسب رہائش، حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور محنت و مشقت کی زیادتی شامل ہے۔

ٹی بی کے خاتمے کی جدوجہد میں پاکستان کو عالمی رول ماڈل تسلیم کیا جا چکا ہے، جبکہ 2016 کا یو ایس ایڈ چیمپئنز آف ٹی بی ایوارڈ بھی پاکستان نے اپنے نام کیا ہے۔