پشاور: زہرا شاہد کے قتل کیخلاف تحریک انصاف کا مظاہرہ

Published On 20 May 2013 04:50 PM 

تحریک انصاف کی رہنما زہرا شاہد کے قتل کے خلاف پشاور میں احتجاج کیا گیا جبکہ مردان میں کارکنوں نے دوبارہ گنتی کے لئے دائر درخواست خارج ہونے کے خلاف مظاہرہ کیا۔

پشاور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کے کارکن نو منتخب ارکان اسمبلی اور دیگر کارکنوں کی قیادت میں پشاور پریس کلب کے سامنے جمع ہوئے۔ مظاہرین نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ انہوں نے اس قتل کو ٹارگٹ کلنگ اور بزدلانہ حرکت قرار دیا ۔ کارکنوں نے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ دوسری طرف مردان میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 9 پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لئے دائر درخواست کو ریٹرننگ آفیسر نے خارج کر دیا۔ فیصلے کے خلاف تحریک انصاف کارکنوں نے ریٹرننگ آفیسر کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا۔