پشاور :نجی کالج کے باہر دھماکہ ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

Published On 05 Feb 2015 09:50 AM 

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ، دھماکہ صوبائی حکومت کی نا اہلی ہے :الطاف حسین

پشاور (دنیا نیوز ) پشاور میں نجی کالج کے گیٹ کے سامنے بارودی مواد کا دھماکا کیا گیا ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ الطاف حسین کا کہنا ہے کہ سانحہ پشاور کے بعد دہشت گردی کا واقعہ صوبائی حکومت کی نااہلی ہے ۔ دہشت گردوں نے پشاور میں تعلیم کو روکنے کی ایک بار پھر مذم کوشش کی ہے ، حیات آباد فیز فائیو میں نجی کالج کے گیٹ کے باہر نامعلوم دہشت گردوں نے بارودی مواد نصب کیا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی ، دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی ۔ علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کالج کے باہر دھماکے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد دہشت گردی کا واقعہ صوبائی حکومت کی نااہلی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بم دھماکے نے والدین کے خوف میں مزید اضافہ کر دیا ، خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے سکولوں کے تحفظ کیلئے اقدامات نہیں کیے گئے ۔