عبد الولی خان یونیورسٹی مردان کا مرکزی گارڈن کیمپس بھی آج کھول دیا گیا۔ طلباء و طالبات کی بڑی تعداد جامعہ پہنچ گئی، پہلے ہی روز ہاسٹل کے کمرے سے سرچ آپریشن کے دوران اسلحہ اور منشیات برآمد کر کے دو طلباء کو گرفتار کر لیا گیا۔
مردان: (دنیا نیوز) عبد الولی خان یونیورسٹی کے کیمپس کی رونقیں 42 دن بعد پھر سے بحال ہو گئی ہیں۔ پہلے ہی دن طلباء و طالبات کی بڑی تعداد جامعہ پہنچ گئی۔ مرکزی دروازے پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کے بعد طلباء کو تلاشی کے بعد اندر جانے کی اجازت دی گئی۔ طلباء نے کیمپس کے کھلنے اور تدریسی عمل جاری ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر جہاں زیب خان نے دنیا نیوز کو بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ دوسری جانب یونیورسٹی ہاسٹلز میں ایک بار پھر سرچ آپریشن کے دوران پولیس نے ایک کمرے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کر کے دو طلباء کو گرفتار کر لیا۔ مشال خان کے قتل کا اندوہناک واقعہ گارڈن کیمپس میں پیش آیا تھا۔ کشیدگی کے باعث انتظامیہ نے یونیورسٹی 13 اپریل کو بند کر دی تھی۔