میاں صاحب کے آنے سے ابہام دور ہو گا، چودھری نثار کا خیرمقدم، کہتے ہیں گو مگو کی کیفیت دور کرنے کیلئے وسیع تر مشاورت ہونی چاہئے۔
واہ کینٹ: (دنیا نیوز) مسلم لیگ نون کے رہنماء چودھری نثار علی خان نے واہ کینٹ میں اپنی جماعت کی جانب سے جاری آئینی ترامیم کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترامیم کا (ن) لیگ یا کسی سیاسی پارٹی سے تعلق نہیں، ترامیم پاکستان اور جمہوریت کے وسیع تر مفاد میں ہیں، اگر ترامیم میں کسی کے تحفظات ہیں تو دور ہو جائیں گے۔
چودھری نثار کا مزید کہنا تھا کہ کوئی نہ سمجھے کہ میں وزارت داخلہ پر تنقید کروں گا، ملٹری کورٹس کے کیسز صوبوں کی طرف سے آتے ہیں، اگر کیسز میں کوئی تھوڑی بہت دیر ہو گئی تو تماشہ نہیں لگانا چاہئے اور یہ نہیں کہنا چاہئے کہ فلاں نے کام کیا، فلاں نے نہیں کیا۔
سابق وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اپنے دونوں حلقوں سے الیکشن لڑوں گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں نے وزرات داخلہ میں سخت گیر پالیسی اپنائی، پتا نہیں کوئی اور اپنائے یا نہ اپنائے، لاکھوں شناختی کارڈ کینسل کرائے، بہت ردعمل آیا۔
چودھری نثار نے مزید کہا کہ فیصلہ ہو چکا، نواز شریف ہی پارٹی کے سربراہ ہیں، ٹیکنوکریٹ حکومت یا جلد الیکشن کی بات کرنے والے ملک کے خیرخواہ نہیں، کہتے ہیں غیب کا علم شیخ رشید کے پاس ہو گا، میرے پاس نہیں ہے۔