لاہور/رائے ونڈ: (دنیا نیوز) وزیر اعظم جاتی امراء پہنچے جہاں انہوں نے نواز شریف اور شہباز شریف سے ملاقات کی اور الیکشن 2018ء کی تیاریوں اور فاٹا اصلاحات بل سمیت دیگر امور پر مشاورت کی۔
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اسلام آباد سے لاہور پہنچے تو وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے ان کا استقبال کیا۔ وفاقی وزراء انوشہ رحمان، خرم دستگیر، مریم اورنگزیب اور رانا تنویر بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی بذریعہ ہیلی کاپٹر لاہور سے نواز شریف کی رہائشگاہ جاتی امراء رائے ونڈ پہنچے جہاں انہوں نے شہباز شریف اور دیگر رفقاء کے ہمراہ پارٹی صدر اور سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس کے شرکاء نے فاٹا اصلاحات کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں شرکاء نے مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر حکومتی حلیفوں کے تحفظات دور کرنے اور پارلیمنٹ میں سیاسی جماعتوں کے قائدین سے رابطے تیز کرنے پر اتفاق کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کوئی خطرہ نہیں، مدت پوری کریں گے، الیکشن جیت کر دوبارہ آئیں گے: شاہد خاقان
اس موقع پر سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ پارلیمنٹ کی مضبوطی تمام اداروں کی مضبوطی ہے، 2018ء انتخابات کا سال ہے لہٰذا عوام اور کارکنوں سے رابطے میں تیزی لائی جائے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ جمہور کی مضبوطی کیلئے ہر طرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں تاہم، شفاف احتساب ہوتا ہوا نظر نہیں آ رہا، ٹارگٹڈ احتساب قوم کو کسی صورت قبول نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: فاٹا انضمام: تعطل برقرار، وزیراعظم سے فاٹا سپریم کونسل کی ملاقات بے نتیجہ ختم
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ نون میاں نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے اور 2018ء کے انتخابات مسلم لیگ ن نواز شریف کی قیادت میں لڑے گی۔
وزیر اعظم لاہور میں برجیس طاہر کے بیٹے کے ولیمے میں شرکت کریں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی وزیر اعظم کے ہمراہ دعوت ولیمہ میں شریک ہوں گے۔