سی ٹی ڈی نے مظفر گڑھ میں بھی تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے داعش کے 3 دہشتگرد گرفتار کر لئے۔
راولپنڈی: (دنیا نیوز) ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کامیابی سے جاری ہے، ایف سی بلوچستان نے شمالی سبی اور تربت کے علاقوں میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر کارروائیاں کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشتگرد ہلاک کر دیئے۔ آئی ایس پی کے مطابق مارے جانے والے دہشتگرد مقامی افراد کو دھمکیاں دیتے تھے، دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔
مظفر گڑھ میں سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے چرچ کے قریب سے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ دہشتگردوں کے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ اور دستی بم بھی برآمد ہوئے۔
سی ٹی ڈی کیمطابق تینوں دہشت گرد نے چرچ پر حملے کا منصوبہ رکھا تھا تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے ناکام بنا دیا گیا۔ گرفتار دہشت گردوں کی شناخت نوید، شاہد اور راشد کے نام سے ہوئی ہے جن کا تعلق اوکاڑہ، ساہیوال اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد داعش کیلئے کام کرتے تھے، سی ٹی ڈی نے ایف آئی آر درج کرتے ہوئے تینوں دہشت گردوں کو تفتیش کیلئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
دوسری طرف سی ٹی ڈی نے ملتان کے علاقے جلال پور پیر والا میں ایک گھر پر چھاپہ مارا جہاں 5 دہشتگرد چھپے ہوئے تھے۔ دہشتگردوں نے اہلکاروں کو دیکھتے ہی ان پر فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ سے 2 دہشتگرد ہلاک جبکہ تین فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ایک ہلاک دہشتگرد کی شناخت اجمل کے نام سے ہوئی ہے، دہشت گردوں کے قبضے سے ایک رائفل، پسٹل اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔