سندھ ہائیکورٹ نے صوبائی سیکرٹری خزانہ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا

Published On 22 Dec 2017 05:26 PM 

کراچی: (آن لائن) سندھ ہائیکورٹ نے صوبائی سیکریٹری خزانہ کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے نیب کو رضا کارانہ رقم کی واپسی سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے خرد برد کرنے و الے افسران کی تعیناتی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے چیف سیکریٹری سے استفار کیا آپ کیوں ایسے لوگوں کو چھپا کر تحفظ فراہم کرنا چاہتے ہیں؟ اس پر چیف سیکریٹری نے کہا کہ میں کسی کو تحفظ فراہم نہیں کر رہا۔

عدالت نے کہا کہ احکامات کے باوجود خرد برد میں ملوث افسران کی تعیناتی کی جا رہی ہے، ان افسران کی تعیناتی میں آپ کا کیا مفاد ہے؟

عدالت نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے صوبائی سیکریٹری خزانہ سید حسن نقوی کو عہدے سے ہٹاکر نوٹی فکیشن عدالت میں جمع کرانے کا حکم دیا جبکہ عدالت نے ہدایت دی کہ رضا کارانہ رقم واپسی کرنیوالے ملازمین کی فہرست دوبارہ تیارکی جائے۔