کوئٹہ: (دنیا نیوز) بلوچستان میں وزیر اعلیٰ کی نامزدگی اور کابینہ کی تشکیل کے بعد اپوزیشن لیڈر کے لئے دوڑ شروع ہو گئی ہے۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے سپیکر راحیلہ درانی کو ہی اپوزیشن لیڈر نامزد کرنے کی درخواست کی ہے۔
اپوزیشن کی دیگر جماعتوں نے جے یو آئی کے مولانا واسع کو قائد حزب اختلاف کے لئے نامزد کیا ہے۔ مولانا واسع کو عوامی نیشنل پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل گروپ اور عوامی گروپ دونوں کی حمایت حاصل ہے۔
پی کے میپ کے بلوچستان اسمبلی میں 13 ارکان ہیں جبکہ جے یو آئی اور اسکے اتحادیوں کے بھی 13 ووٹ بنتے ہیں۔ نیشنل پارٹی نے نہ تو علیحدہ امیدوار نامزد کیا ہے اور نہ اب تک کسی امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ نیشنل پارٹی کے 8 ارکان کی حمایت اپوزیشن لیڈر کے نام کا فیصلہ کرے گی۔ سیاسی حلقوں میں کہا جا رہا ہے کہ نیشنل پارٹی جے یو آئی کے مولانا واسع کا ساتھ دے گی۔