کراچی: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان اور ان کی کابینہ کے اعزاز میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عشائیہ دیا۔ عشائیے میں سابق صدر آصف زرداری بھی شریک ہوئے، کہتے ہیں پیپلز پارٹی بلوچستان کے عوام کی محرومیوں سے آگاہ ہے، حقوق بلوچستان کی مہم جاری رکھیں گے۔
سیاست میں جوڑ توڑ کے ماہر آصف زرداری سینیٹ الیکشن سے قبل متحرک ہو گئے۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس کراچی میں وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور ان کی کابینہ کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نے بلوچستان کابینہ کو منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بلوچستان کے حقوق کی بات کی اور این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کے حصے میں اضافہ کیا۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے حقوق بلوچستان کا آغاز کیا، بلوچستان کے مسائل سے بھی واقف ہیں اور انہیں حل کرنا بھی جانتے ہیں۔ آصف علی زرداری نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی باشعور عوام کی سوچ کا فائدہ اٹھائیں اور ترقی کریں۔