لاہور: (روزنامہ دنیا) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ راؤ انوار بہادر بچہ ہے، کراچی میں ایم کیو ایم کے خلاف آپریشن میں 54 تھانیداروں نے حصہ لیا، 53 مارے گئے ، صرف راؤ انوار زندہ بچا۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ نقیب اللہ کیس کو میڈیا نے ہوا دی، سب کو پیچھے ہٹ کر معاملے کا نئے سرے سے جائزہ لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا ایم کیو ایم جب واپس آئی تو راؤانوار انڈر گراؤنڈ ہو گیا، 444 ماورائےعدالت قتل صرف باتیں ہیں، اتنےقتل ہیں تو پٹیشنز کورٹ میں سامنے کیوں نہیں آئے۔
خیال رہے سپریم کورٹ نے راؤ انوار کو عدالت پیش نہ ہونے پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا اور سٹیٹ بینک کو ان کے تمام بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔ چیف جسٹس نے کہا سپریم کورٹ راؤ انوار کو گرفتار نہ کرنے کا حکم واپس لیتی ہے، پولیس ان کو گرفتار کرے۔