اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے خنکی بڑھ گئی۔ میرپور آزاد کشمیر میں ژالہ باری ہوئی۔
مارچ کا آغازکہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے ہوا۔ اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی ، ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں بھی چلیں جس نے شہر اقتدار کا موسم خوشگوار بنا دیا۔ آزاد کشمیر کے علاقے میرپور میں بھی بادل کھل کر برسے اور ژالہ باری بھی ہوئی۔ مری ، گلیات ، ملاکنڈ ، ناران اور کاغان میں بھی ابر کرم برسا جس سے سیاحوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔ موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے آج بھی اسلام آباد، بالائی پنجاب ، خیبرپختونخوا میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔