شاہ زیب قتل کیس: مرکزی ملزم شاہ رُخ جتوئی کی نظر ثانی درخواست مسترد

Published On 05 Mar 2018 05:18 PM 

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے شاہ زیب قتل کے ملزم شاہ رخ جتوئی کی سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیئے جانے کے خلاف نظر ثانی اپیل رد کر دی ہے۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ملزم کے وکیل لطیف کھوسہ کے دلائل کے دوران کہا کہ عدالت عظمیٰ نے قرار دیا تھا کہ یہ مقدمہ اے ٹی سی میں چلایا جائے، ملک کی کوئی بھی دوسری عدالت سپریم کورٹ کے فیصلے پر نظر ثانی نہیں کر سکتی۔ ہائیکورٹ نے ہمارے احکامات کی غلط تشریح کی، اگر ملزم معصوم ہے توعدالت سے رہا ہو جائے گا۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ کا کہنا تھا کہ سندھ ہائیکورٹ ہمارے احکامات پر بحث کر لیتی تو معاملہ الگ ہوتا، ہائیکورٹ کے پرفیکٹ حکم میں بہت ساری کمزوریاں تھیں، آئین کے لفظوں کو معنی ججز دیتے ہیں، اپیل آئے تو اپنے الفاظ ہم خود بدل سکتے ہیں کوئی اور تبدیل نہیں کر سکتا۔

یاد رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کے ملزمان پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ ختم کر دی تھی جس پر وہ بری ہو گئے تھے۔