والدہ کے گلے میں کینسر دوبارہ ہوگیا، چند دنوں کا استثنیٰ بھی نہیں ملا، مریم نواز کا شکوہ

Published On 08 Mar 2018 11:49 AM 

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مریم نواز نے احتساب عدالت کے باہر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا بیگم کلثوم نواز کے گلے میں کینسر دوبارہ ہوگیا ہے ، میاں صاحب اپنی بیگم سے نہیں مل سکے۔ انہوں نے کہا ہم نے ایک ہفتے کے لئے حاضری سے استثنیِ مانگا تھا لیکن ہمیں چند دنوں کا استثنیِ بھی نہیں ملا ، ڈاکٹر بیگم کلثوم نواز کے مزید علاج کے لئے مشورہ کرنا چاہتے تھے۔

 خیال رہے سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز اس وقت برطانیہ میں زیرِ علاج ہیں، ڈاکٹروں نے ان کی مزید سرجری پر غور شروع کر دیا۔

 اپنی والدہ کی صحت کے بارے میں بتاتے ہوئے حسن نواز نے کہا ہے کہ گزشتہ سات ماہ میں بیگم کلثوم نواز کی تین سرجریز اور سات بار کیموتھراپیز ہو چکی ہیں۔ گزشتہ ہفتے ان کے سکین، سی ٹی سکین، گیلیئم سکین اور پی ای ٹی سکین ہوئے۔

حسن نواز نے بتایا کہ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ان کی گردن پر دوبارہ ٹیومر پیدا ہوا ہے، اس لیے ڈاکٹرز بیگم کلثوم نواز کی مزید سرجری اور ریڈیو تھراپی پر غور کر رہے ہیں۔